ترکیہ کے شہر استنبول میں 6.2 شدت سے زلزلہ آیا ہے۔
ترکیہ محکمہ آفات و ہنگامی حالات 'AFAD' کے مطابق زلزلے کا مرکز استنبول کی تحصیل سیلیوری میں تھا ۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق بروز بدھ دوپہر 12:49 پر آیا ۔ جھٹکے استنبول اور اس کے قریبی اضلاع میں شدت سے محسوس کئے گئے ہیں۔ عوام خوف و ہراس میں عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
اوّلین شدید جھٹکوں کے بعد ایک اور زلزلہ آیا جس کی شدت 4.9 تھی۔ یہ زلزلہ ایک بج کر 2 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز بحیرہ مارمرہ کے ساحل کے قریب بویوک چیکمےجے کے علاقے میں تھا۔
AFAD نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور امدادی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں اور ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کاروائیاں جاری ہیں۔
ایجنسی نے کہا ہے کہ ٹیمیں صورتحال کی فعال نگرانی کر رہی ہیں اور امدادی کوششوں کو مربوط کر رہی ہیں۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔