ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نعمان قورتلمش نے ہفتے کے روز ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ فرانسس کے جنازے میں ترکیہ کی نمائندگی کی۔
ویٹیکن پہنچنے پر، ویٹیکن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ اطالوی کارڈینل پیئترو پارولین نے قورتلمش کا استقبال کیا۔
ویٹیکن میں اپنی مصروفیات کے دوران قورتلمش نے آذربائیجان کی قومی اسمبلی کی اسپیکر صاحبہ غفارووا اور جنازے میں شریک دیگر کئی پارلیمانی رہنماؤں اور ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
جنازے کے بعد، قورتلمش نے ویٹیکن میں ترکیہ کے سفارتخانے کا بھی دورہ کیا۔
پوپ فرانسس کے جنازے میں 250,000 سے زائد افراد شریک ہوئے، جن میں دنیا بھر کے کئی رہنما اور شاہی خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔ پوپ کا انتقال پیر کے روز 88 سال کی عمر میں ہوا۔
یہ کیتھولک رہنما 17 دسمبر 1936 کو بیونس آئرس میں ایک اطالوی تارکین وطن جوڑے کے ہاں پیدا ہوئے۔
انہوں نے اپنی تعلیم ارجنٹائن اور جرمنی میں حاصل کی اور 1969 میں ان کی تعیناتی بحثیت جیسوٹ پادری کے ہوئی۔
اپنے پاپائیت کے ایک دہائی سے زائد عرصے میں، وہ تعریف اور تنقید دونوں کا مرکز بنے رہے۔ انہوں نے ویٹیکن کی بیوروکریسی میں اصلاحات، بدعنوانی کے خاتمے، اور چرچ کے اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی۔
پوپ کو فروری میں برونکائٹس کی شکایت کے ساتھ روم کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن یہ علالت بعد ازاں ڈبل نمونیا میں تبدیل ہو گئی۔ 38 روزہ علاج کے بعد انہیں ویٹیکن میں ان کی رہائش گاہ پر واپس بھیج دیا گیا لیکن ان کی صحت مسلسل خراب ہوتی رہی۔