ایران کے جنوب میں واقع وسیع و عریض شہید رجائی بندرگاہ میں ہونے والے تباہ کن دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے ۔
ایران سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق، شہید رجائی بندرگاہ پر ہفتے کے روز ہونے والے دھماکے میں کم از کم 1,139 افراد زخمی ہوگئے اور اموات کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ہفتے کے روز دوپہر 12 بجے کے قریب شہید رجائی بندرگاہ کے کنٹینر ڈاک کے علاقے میں آگ بھڑک اٹھی۔ابتدائی اطلاعات میں دھماکے کے مقام کے قریب آتش گیر مواد کی موجودگی کا اشارہ دیا گیا تھا۔
عینی شاہدین سے موصول معلومات کے مطابق معمولی آگ تیزی سے پھیل گئی اور 40 ڈگری سیلسیس گرمی اور آتش گیر مواد کے جمع ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اسٹریٹجک اہمیت کی حامل یہ بندرگاہ ، ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے جنوب میں آبنائے ہرمز کے شمالی ساحلوں پر واقع، بندر عباس بندرگاہ سے تقریباً 15 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔