فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے ایک قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت اسلامی روایات کے مطابق فلپائنی مسلمانوں کی مناسب اور فوری تدفین ضروری ہوگی۔
فلپائن کے اسلامی تدفین ایکٹ پر 11 اپریل کو دستخط کیے گئے تھے اور اسے پیر کے روز سرکاری گزٹ کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا گیا تھا، Inquirer.Net کے مطابق، نئے قانون کے تحت ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے بغیر بھی تدفین جلد از جلد کی جا سکے گی ۔
تاہم، قانون کے مطابق تدفین کی رسومات ادا کرنے والے شخص یا متوفی کے قریبی رشتہ داروں کو 14 دن کے اندر مقامی ہیلتھ آفیسر کو موت کی اطلاع دینی ہوگی، جو موت کی وجہ کی تصدیق کرے گا اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔
اس قانون کے تحت اگر کوئی شخص اسپتال یا تدفین کی فیس ادا نہ کرنے یا دیگر غیر منصفانہ وجوہات کی بنا پر کسی مسلمان کی لاش کی سپردگی سے انکار کرتا ہے تو اسے ایک سے چھ ماہ قید، 50 ہزار سے ایک لاکھ فلپائن پیسو (882 سے 1764 ڈالر) جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔